Wn/ur/گزشتہ برس 2 کروڑ 60 لاکھ امریکیوں نے انجیل پڑھنا چھوڑ دی، سروے

< Wn‎ | ur
Wn > ur > گزشتہ برس 2 کروڑ 60 لاکھ امریکیوں نے انجیل پڑھنا چھوڑ دی، سروے

امریکن بائبل سوسائٹی کے سالانہ اسٹیٹ آف دی بائبل رپورٹ کیلئے سروے کرنے والے محققین کے مطابق تقریباً 2 کروڑ 60 لاکھ امریکیوں نے گزشتہ برس مکمل یا جزوی طور پر انجیل کو پڑھنا بند کردیا ہے۔

امریکن بائبل سوسائٹی کے مرکزی محقق جان پلاک کے مطابق : ’ہم نے اپنے حساب کتاب کا از سر نو جائزہ لیا، ہر چیز کو دوبارہ چیک کیا اور بار بار جانچا لیکن ہر بار ہمیں جو نتیجہ ملا وہ حیران کن، دل شکن اور انتشار انگیز تھا۔‘

اعداد و شمار کے مطابق 2021 میں تقریباً 50 فیصد امریکیوں نے کہا کہ وہ سال میں تین سے چار بار بائبل پڑھتے ہیں، 2011 میں یہ شرح اور بھی زیادہ تھی۔

لیکن 2022 کے اعداد و شمار کے مطابق اب صرف 39 فیصد امریکی ایسے ہیں جو سال میں تین سے چار بار یا اس سے زیادہ دفعہ بائبل کو پڑھتے ہیں۔ یہ اب تک کی سب سے بڑی تنزلی ہے۔

پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق وبا کے دوران چرچ جانا چھوڑنے والے ایک تہائی افراد تو واپس ہی نہیں آئے۔ کچھ لوگوں نے آن لائن پریکٹس شروع کردی جبکہ بعض نے مکمل طور پرکنارہ کشی اختیار کرلی اور اسی دوران بائبل پڑھنے والوں کی تعداد میں بھی واضح کمی آئی۔

ایک اور سروے جو کہ لائف وے کی جانب سے کیا گیا، اس کے مطابق جو لوگ بائبل پڑھتے ہیں وہ بھی بہت زیادہ نہیں پڑھتے، ہر پانچ میں سے صرف ایک امریکی ایسا ہے جس نے بائبل کو مکمل پڑھا ہے جبکہ ہر چار میں سے ایک شخص ایسا ہے جس نے محض چند آیات ہی پڑھی ہیں۔

پلاک کا کہنا ہے کہ یہ ڈیٹا عیسائیوں کیلئے حوصلہ افزا نہیں ہے تاہم یہ تنزلی اٹل اور ناقابل واپسی نہیں۔