Wn/ur/پاک ایران بارڈر پر دہشت گردوں کی فائرنگ، 4 سیکیورٹی اہل کار شہید

< Wn‎ | ur
Wn > ur > پاک ایران بارڈر پر دہشت گردوں کی فائرنگ، 4 سیکیورٹی اہل کار شہید

اسلام آباد: پاک ایران بارڈر پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 سیکیورٹی اہل کار شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک ایران بارڈر پر جل گئی سیکٹر میں ایرانی علاقے سے پیٹرولنگ پر مامور اہل کاروں پر فائرنگ کی گئی، دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 سیکیورٹی اہل کار شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں نائیک شیر احمد، لانس نائیک محمد اصغر، سپاہی محمد عرفان اور عبدالرشید شامل ہیں۔

واقعے کے بعد پاکستان نے متعلقہ ایرانی حکام سے رابطہ کر کے ایکشن لینے کا مطالبہ کر کے کہا ہے کہ ایران اپنے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف فوری کارروائی کرے۔

کوہلو کے 37 سالہ نائیک شیر احمد نے بیوہ، 3 بیٹیوں اور 2 بیٹوں کو سوگوار چھوڑا، لانس نائیک اصغر علی کا تعلق کوٹ ادو ضلع مظفر گڑھ سے ہے، 34 سالہ لانس نائیک اصغر علی نے سوگواروں میں بیوہ اور 5 بیٹے چھوڑے۔

سپاہی عرفان اللہ کا تعلق ضلع ڈیرہ غازی خان سے ہے، 22 سال کے سپاہی عرفان نے بیوہ اور ایک بیٹی کو سوگوار چھوڑا، 24 سال کے سپاہی عبدالرشید کا تعلق ضلع صحبت پور سے ہے۔