وزیراعظم عمران خان اور مسلم لیگ (ق) کے وفد کے درمیان ملاقات کا اعلامیہ جاری۔ بیان کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے چوہدری پرویز الٰہی سے کہا کہ میں نے عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے، میں آپکو اپنی پارٹی کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کرتا ہوں اور آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
بیان کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی نے وزیر اعلیٰ پنجاب نامزد کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انشاء اللہ آپکے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ بیان کے مطابق وزیراعظم سے ملاقات میں پرویز الٰہی نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) اتحادی کی حیثیت سے ان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی اور اتحادی بن کر عوام کی خدمت کرے گی۔ چودھری شجاعت پرویز الٰہی کی جانب سے وزارت اعلیٰ کا عہدہ قبول کرنے اور حکومت کی حمایت کے فیصلے پر ناراض ہیں اور انہوں نے اپنے رکن قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ سے استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ (ق) مرکز میں پی ٹی آئی حکومت کی اتحادی ہے جس کے قومی اسمبلی میں پانچ ارکان ہیں تاہم ایک رکن قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ وزیراعظم کے خلاف ووٹ دیں گے۔ ویکی نیوز