چین نے مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن مجید کے نسخے کو آگ لگانے کے واقعے کے بعد سویڈن کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
چینی روزنامہ گلوبل ٹائمز کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بِن نے اس افسوسناک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں مذہبی منافرت کو ہوا دینے یا معاشرے میں انتشار پھیلانے کی کوشش نہیں کرنی چایے۔
وزارت خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ سویڈن مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر اقلیتی گروہوں کے مذہبی عقائد کا احترام بھی کرے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سویڈن میں انتہا پسند دائیں بازو اسٹرام کرس گروپ کے رہنما راسمس پالوڈن نے سویڈن کے جنوبی لنکوپنگ شہر میں قرآن پاک کے ایک نسخے کو جلایا تھا جس کے بعد راسمس نے آئندہ ریلیوں میں بھی اس ناپاک عمل کو دہرانے کی دھمکی دی تھی۔
ترکی، سعودی عرب اور دیگر مسلم ممالک نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کے خلاف شدید اشتعال انگیزی قرار دیا ہے۔